غزہ میں قتل عام بند کرو

سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت و نسل کشی کی ذمہ دار ہے

07 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں  36,550  سے زیادہ لوگ مارے جا چکے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق جان بحق ہونے والوں میں 15,000 سے زائد بچے ہیں۔ آٹھ ماہ سے جاری ان اسرائیلی حملوں میں 10,000 افراد لاپتہ جبکہ 81,000 سے زائد زخمی اور ضروری طبی دیکھ بھال کی سہولت سے محروم ہیں۔ اتنے بڑے انسانی المئے کو دیکھ کر اس اسرائیلی دعوے کو قبول نہیں کیا جا سکتا کہ وہ “حماس کے دہشت گردوں” کے ساتھ جنگ لڑ رہا ہے۔

اسرائیل پوری ڈھٹائی کے ساتھ عالمی عدالت انصاف کے 24 مئی کو جاری ہونے والے اس حکمنامے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے جس میں رفح شہر میں ہر قسم کی فوجی مداخلت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ مگر اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف ایک ہفتے میں رفح میں کم از کم 200 پناہ گزین ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

ہم سمجھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ان تمام اموات کی مکمل طور پر ذمہ دار ہے کیونکہ اس نے اسرائیل کو فلسطینی شہریوں کے خلاف اس بے رحم اور غیر انسانی جنگ جاری رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے جو کہ کسی نسل کشی سے کم نہیں۔ ہم سمجھتے ہیں اور اس بات کے قائل ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بات چیت اور مذاکرات کے نام پر محض اسرائیل کو فلسطینی شہریوں کی نسل کشی جاری رکھنے کے لئے غیر معینہ وقت دے رکھا ہے۔

جنگ بندی کے لئے ایسے مزید مذاکرات کی کوئی ضرورت نہیں جو اسرائیلی افواج کو شہریوں کے قتل عام کے لئے مزید وقت فراہم کریں۔ لہذا ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام اراکین سے “غزہ میں جنگ بندی کو نافذ کرنے” کا مطالبہ کرتے ہیں اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ تمام مسلح افواج کو فوری طور پر غزہ سے واپس بلایا جائے اور اسرائیل کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی پر مکمل پابندی کے ساتھ یہ سخت اور واضح انتباہ دیا جائے کہ اگر وہ غزہ میں فوری طور پر فوجی حملے بند نہیں کرتا تو اس کا مکمل تجارتی اور ثقافتی بائیکاٹ کیا جائے گا اور وہ مکمل طور پر الگ تھلگ ہو کر رہ جائے گا۔

ٹیکسٹائیل پاورلوم گارمنٹس ورکرز یونین (رجسٹرڈ) پنجاب، فری ٹریڈ زونز یونین کے ساتھ ہم آواز ہو کر تمام بین الاقوامی ٹریڈ یونینوں سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے نفاذ کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک پر دباؤ ڈالیں اور آئی ایل سی کے آنے والے اجلاسوں میں یہ قرارداد رکھیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری جنگ بندی نافذ کروائے، اسرائیل کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی پر پابندی کے ساتھ ساتھ غزہ میں فوری طور پر خوراک اور طبی امداد پہنچانے کا بندوبست کرے۔

نیاز خان

جنرل سیکرٹری

ٹیکسٹائیل پاورلومز گارمنٹ ورکرز یونین (رجسٹرڈ) پنجاب

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top